18 مارچ 2010 - 20:30

ہندوستان میں جوہری تحقیق کے اہم پلانٹ کی کیمیائی لیبارٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھنے سے کم از کم دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

آگ ممبئی کے نواح میں واقع بھابھا اٹامک ریسرچ سینٹر (بی اے آر سی) کی لیبارٹری میں لگی۔اٹامک انرجی کمیشن کے چیئرمین سری کمار بنرجی سے ملنے والی اطلاع کے مطابق آگ تقریباً بارہ بجے کے قریب لگی تھی اور آگ پر پینتالیس منٹ کے اندر اندر قابو پا لیا گیا۔بنرجی کے مطابق ابھی تک ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ انہوں نے کسی بھی طرح کی تخریب کاری کے امکان سے انکار کیا ہے۔سینٹر کے ترجمان ایس کے ملہوترا نے ایک بیان میں کہا کہ پلانٹ سے کسی قسم کا جوہری مواد خارج نہیں ہوا اور نہ ہی تابکاری کے پھیلاؤ کے آثار ملے ہیں۔پولیس آگ لگنے کی وجہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔آگ بجھانے والے عملے کے اراکین کو لیبارٹری سے دو مسخ شدہ لاشیں ملی ہیں۔